ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل:مدرسہ دارلتعلیم والتربیہ مخدوم کالونی میں جلسۂ تکمیلِ حفظِ قرآن کا انعقاد: قرآن حافظ ہونا اللہ کی بہت بڑی نعمت ، انعام اور احسان ہے

بھٹکل:مدرسہ دارلتعلیم والتربیہ مخدوم کالونی میں جلسۂ تکمیلِ حفظِ قرآن کا انعقاد: قرآن حافظ ہونا اللہ کی بہت بڑی نعمت ، انعام اور احسان ہے

Wed, 07 Mar 2018 21:37:29    S.O. News Service

بھٹکل:7/ مارچ (ایس اؤنیوز)مجلس احیاء المدارس بھٹکل کے زیر اہتمام 6مارچ بروز منگل کی رات جماعت المسلمین مخدوم کالونی گراؤنڈ میں مدرسہ دارالتعلیم والتربیہ، مخدوم کالونی بھٹکل کابارونق جلسہ تکمیل حفظِ قرآن کریم منعقد ہوا۔ مدرسہ سے قرآن حفظ مکمل کئے 13حفاظ کرام کی مولانا محمد صادق اکرمی ندوی کی سرپرستی میں تکمیل حفظ ِ کی کارروائی انجام دی گئی ، اس موقع پر مولانا نے قرآن کی اہمیت پر مختصرروشنی ڈالی۔

جلسہ میں مدرسہ کے طلبا کی طرف سے بہترین و موثر ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے جس میں موبائیل کے استعمال سے ہونے والے مفید و مضر اثرات کا ڈرامہ  اور مقامی شادی کی عملی نمائش کے ذریعے طلاق ثلاثہ، مسلم پرسنل لاء بورڈ اور مسلمانوں کے آئندہ لائحہ عمل کے متعلق پراثر انداز میں طلبا نے بہترین بامعنی ڈرامہ پیش کیا۔ اسی طرح قرآن کی اہمیت و افادیت پر بچوں نے بہترین مکالمہ کے ذریعے عوام کو پیغام دیا۔ عزیزی ذوالقرنین انڈلے نے اقبال سعیدی کی موقع کی مناسبت سے لکھی گئی قرآنی نظم کو مترنم آواز میں پیش کیاتو عزیزی محمد راسخ محتشم نے انگریزی میں اور محمدمنور نے کنڑا میں اسلامی پیغام کے موضوع پر تقاریر پیش کیں۔  عزیز ی محمد زید حارث ابن عبدالرؤوف سونورنے اردو میں ’’اتحاد و اتفاق‘‘ کے عنوان پر پرجوش تقریر کی۔

جلسہ میں مولانا ابوالحسن علی میاں اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی نے واقعات کو پیش کرتے ہوئے مدارس کی اہمیت پر گفتگو کی اور بتایا کہ جو طلبا دینی تعلیم سے آگاہ رہتے ہیں ان کے قدم کبھی نہیں ڈگمگاتے۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے مہتمم مولانا مقبول کوبٹے ندوی نے قرآن ، حفظ اور والدین کی ذمہ داریوں کے متعلق خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن مجید کو حفظ کرنا اور حافظ ہونا اللہ کی ایک بہت بڑی نعمت ، انعام اور احسان ہے۔ انہوں نے حفاظ، ان کے والدین و سرپرستوں سے کہاکہ وہ اس احسان اور انعام کی قدرکریں ۔ ناقدری کریں گے تو باز پرس ہوگی۔ ہر طرح کی قربانی دے کر اس انعام کا حق اداکریں۔ انہوں نے کہا کہ  قرآن کو پڑھنے ، سمجھنے ، عمل کرنے اور دوسروں تک اس کی دعوت پہنچانے کی ذمہ داری مسلمانوں کی ہے وہ ہر حال میں اس کو ادا کریں۔ مولانا محمد انصار خطیب مدنی نے صدارتی خطاب میں کہاکہ معاشرے کی صحت و سدھار میں مدارس کا اہم رول ہے۔ جب بھی ملت اسلامیہ کی کشتی گرداب میں پھنسی ہے تو اسکو اہل مدارس نے ہی ساحل پر لایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ شب وروز قرآن کی تلاوت لازمی کرلیں ، اتنا اہتمام کریں کہ یاد کیا ہوا قرآن نہ بھولائیں۔

جلسہ کا آغاز عزیزی سید زید ابن سید منیر ایس جے کی تلاوت قرآن سے ہوا۔عزیزی محمد واعظ ابن گوہر ارشاد دامودی نے ہدیہ نعت پیش کی،مولانا محمد شارق نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ مولانا محمد عثمان خلیفہ ندوی نے مدرسہ کے رپورٹ کی خواندگی کی۔ عزیزی محمد جعفر ابن سیف اللہ درگادر نے بہت ہی بہترین طریقے سے جلسے کے ابتدائی تقریب کی نظامت کی تو مولانا شقیق نے جلسے میں نظامت کے فرائض انجام دئیے۔مدرسہ میں قرآن حفظ کئے تمام حفاظ کو انعام اور نقد انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر ڈائس پر جماعت المسلمین مخدوم کالونی کے صدر اقبال سعیدی، مولانا طلحہ رکن الدین ندوی ، محمد ضرار سدی باپا ، بھٹکل بلدیہ کے اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمن عبدالرحیم موجود تھے۔

اس موقع پرمدرسہ دارالتعلیم والتربیہ مخدوم کالونی کے مہتمم مولانا شجاع الدین ندوی کی نگرانی میں مدرسہ کے اساتذہ ، شاہین اسپورٹس سنٹر کے ممبران سمیت جلسہ کے بہترین انتظامات کرتے ہوئے مہمانوں کے لئے تواضع کا اہتمام کیاگیا تھا۔ مدرسہ کی طرف سے قرآن حفظ مکمل کرنے والے حفاظ کے نام مندرجہ ذیل ہیں۔

WhatsApp_Image_2018-03-07_at_9_30_27_PM.jpeg


Share: